41

دورہ امریکا میں وزیراعظم کے کامیاب جلسے پرمبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

دورہ امریکہ میں وزیراعظم عمران خان کےایرینا اسٹیڈیم واشنگٹن میں کامیاب جلسے پرمبارکباد کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کر دی گئی ہے۔

قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔

اس قرار دا د کے متن میں کہا گیا ہے کہ جناب عمران خان کا امریکہ میں بطور پاکستانی وزیراعظم بھرپور اور پرتپاک استقبال کیا گیا، ایسا استقبال پہلے کسی بھی پاکستانی حکمران کا نہیں ہوا، یہ ایوان سمجھتا ہے کہ وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف کا دورہ واشنگٹن پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں امن قائم ہوگا، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے ان کا بھرپور استقبال کر کے تمام پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں۔

متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اس بات کی تائید کرتا ہے کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں خوب کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، پاکستان ہرسال اور ہر حال میں ترقی کرے گا کیونکہ دنیا میں سب سے زیادہ ٹیلنٹ پاکستان میں ہے، صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں کا شکرگزار ہے،

متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستانی لوگوں نے تحریک انصاف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، یہ ایوان دعا گو ہے کہ وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان کا دورہ امریکہ کامیابی سے ہمکنار ہو، پاکستان میں امن ہو، دہشتگردی کا خاتمہ ہو، پاکستان ترقی کی منازل جلدازجلد طے کرتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک کے صف میں شامل ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں