35

نیب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید مزمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا ادارہ عمران نیازی کے ہاتھ میں آلہ کار بنا ہوا ہے،ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر یہ (ن) لیگ کے خلاف سیاسی انتقام ہے، نیب کےعقوبت خانوں میں ساری (ن) لیگ کی قیادت پڑی ہے، غصے، ناکامی، نااہلی کا سارا نزلہ (ن) لیگ پر گر رہا ہے، جنہوں ننے مسائل حل کیے آج وہ انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ان اقدامات سے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتے ہیں، عمران خان نیازی نے 11 مہینوں میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، عمران تباہ شدہ معیشت کے جنازےکو گرفتاریوں سے چھپانا چاہتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں شاہد خاقان عباسی کا کلیدی کردار ہے، بجلی اور گیس کے آنے سے کاروبار میں اضافہ ہوا اور روزگار بڑھا، نواز شریف اور ان کی ٹیم پر بھی دباؤ تھا لیکن گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائیں کیونکہ نوازشریف کوملک کےغریب عوام کادکھ تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں