45

وزیر اعظم عمران خان کل لاہور کا دورہ کریں گے

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، دورے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے انہیں حکومتی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، وزیر اعظم وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے وزیر اعظم کو حکومتی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، اس دوران وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کےدرمیان ون آن ون ملاقات بھی متوقع ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم نے مئی میں لاہور کا دورہ کیا تھا۔ ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم نے ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیا تھا جبکہ صوبائی کابینہ کے ارکان کے مشاورتی اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔اجلاس میں بعض وزارتوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم نے شوکت خانم افطار ڈنر میں بھی شرکت کی جبکہ زمان پارک میں کچھ اہم ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

ایک روز قبل وزیر اعظم نے اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ رجسٹریشن کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ کا شعبہ پیچھے رہ گیا ہے۔ غریب طبقہ کم آمدنی کی وجہ سے گھر نہیں بنا سکا۔انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ایک کروڑ سے زیادہ لوگ گھر بنانا چاہتے ہیں، کابینہ ہاؤسنگ سے متعلق نئے ضوابط منظور کرے گی۔ پہلی بار ایسا ہوگا کہ نچلے طبقے کے لیے لوگ گھر بنانے کے لیے آرہے ہیں۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں پیسے والے لوگوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیمیں آتی تھیں، گھروں کی تعمیر سے 40 انڈسٹریز کا پہیہ چلنا شروع ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں