38

جج ارشد ملک بلیک میلنگ اسکینڈل: ایف آئی اے نے میاں طارق کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد:جج ارشدملک بلیک میلنگ اسکینڈل میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ، احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو بنا نے والے میاں طارق کو حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلا ت کے مطابق جج ارشدملک بلیک میلنگ اسکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کو ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کرلیا ہے ، میاں طارق دبئی فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم میاں طارق کی گرفتاری عین اس لمحے عمل میں آئی جب وہ ملک چھوڑ کرفرار ہونے کی کوشش کررہے تھے، گرفتاری کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی حصار میں عدالت پیش کیا گیا۔عدالت میں پیش کرنے کے لیے میاں طارق کو انتہائی سخت سیکیورٹی حصار میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے سول کورٹ لایا گیا، جہاں عدالت نے ان کا دوروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے انہیں ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ میاں طارق محمود ملتان کا رہائشی ہیں، میاں طارق کی فوارہ چوک کے قریب طارق ٹی وی سینٹر کے نام سے دکان ہے، طارق محمود کو معاملات طے کرانے میں ماہر سمجھا جاتا ہے، اسی شخص نے جج کی ملتان میں تعیناتی کےدوران مبینہ ویڈیو حاصل کی، طارق محمود اسمگل شدہ ٹی وی، ایل ای ڈیز کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہیں۔

ذرائع کے مطابق طارق محمود کا بڑا بھائی میاں ادریس اسمگلنگ کیس میں گرفتار رہ چکا ہے، میاں طارق کے پاس کئی اہم شخصیات کی مبینہ ویڈیوزبھی موجود ہیں، ویڈیو منظرعام پرآنے کے بعد جج ارشد ملک میاں طارق سے ملنے ملتان بھی آئے تھے۔

خیال رہے کہ میاں طارق محمود ہر دور میں اعلیٰ افسران وسیاسی شخصیات سےرابطےمیں رہے ہیں، میاں طارق محمود کو تعلقات بنانے کا ماہر بھی سمجھا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں