37

وادی نیلم میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلے سے 2 فوجیوں سمیت 22 افراد جاں بحق

مظفر آباد: وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔

آزاد کشمیر کے علاقے لیسوا میں کلاؤڈ برسٹ ہوگیا جس کے نتیجے میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا اور موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئیں۔

سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آکر 2 مساجد اور ڈیڑھ درجن سے مکانات بہہ گئے اور متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔ لینڈ سلائیڈنگ سے لیسوا بازار مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر آپریشن سعید الرحمن قریشی نے تصدیق کی ہے کہ سیلابی ریلے میں 22 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ متعدد افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو فوجی، 8 مقامی افراد اور تبلیغی جماعت کے 11 ارکان شامل ہیں۔

سعید الرحمن قریشی نے مزید کہا کہ دو گھروں پر آسمانی بجلی گری ہے اور دو مساجد بھی سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آگئی جہاں موجود لوگ پھنس گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نیلم، ایس ڈی ایم اے اور پولیس کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

دوسری جانب کامسر ڈونگاکس کے مقام پر مسافر جیپ دریائے نیلم میں جاگری جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ جیپ میں ایک بچی سمیت چھ افراد سوار تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق حادثے میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کےلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں