48

”مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ کو تباہ و برباد کر دیا“

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ تباہ کر دی جنہوں نے احمد شہزاد، سمیع اسلم، سلمان بٹ، عمراکمل اور سہیل خان سمیت کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا، یہ کرکٹرز کارکردگی اچھی اور تجربہ کار ہونے کی وجہ سے پاکستانی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے تھے۔

نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے کہا کہ ڈراپ کئے جانے والے کھلاڑیوں سے نظم و ضبط کے حوالے سے مسائل بھی تھے تو پی سی بی کی ذمہ داری تھی کہ ان پر قابو پانے کیلئے طریقہ کار اپناتا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات نہ ہوں اور کھلاڑیوں کو صحیح سمت میں لایا جا سکے۔

انہوں نے ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود پی سی بی کی جانب سے تسلسل کے ساتھ پریس کانفرنسز کے انعقاد پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابتداءمیں ناکامیوں کے بعد آخری 4 میچز جیت کر اس کو بڑی کامیابی ثابت کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے،یہ فتوحات بھی جس انداز میں ہوئیں ان میں فخر کرنے والی کوئی بات نہیں، پاکستان نے مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو ہرایا، افغانستان کیخلاف گرتے پڑتے قوم کی دعاؤں کے ساتھ فتح حاصل ہوئی۔

سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ ورلڈکپ کیلئے پاکستان کی تیاریوں کا یہ عالم تھا کہ آغاز سے قبل ہمارا کمبی نیشن ہی حتمی نہیں تھا،محمد عامر اور وہاب ریاض کی آخر میں شمولیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کا کوئی پلان ہی نہیں تھا،حیران کن بات نہیں کہ دونوں نے بعد ازاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں