32

اب اپنے بڑوں کے پیچھے مت چھپئے گا، مریم نواز

نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو توڑنے اور جھکانے کا خواب دیکھنے والے آج بھی ناکام و نامراد ہیں،اب اپنے بڑوں کے پیچھے مت چھپے گا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ کا بھیانک چہرہ جج نے پوری دنیا کو دکھا دیا ہے،جو گھناؤنی سازش نواز شریف کو سزا دینے اور میدان سے باہر رکھنے کیلئے رچائی گئی آپ اس میں شامل اور قصوروار ہیں۔
مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ تو آپ تھے ہی،اب آپ کے گھناؤنے کردار پر بھی مہر لگ چکی ہےاب اپنے بڑوں کے پیچھے مت چھپے گا۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ظلم و جبر کے پہاڑ توڑدیے گئے اور سیاسی انتقام کی تمام حدیں عبور کرلی گئیں مگر نواز شریف کو توڑنے اور جھکانے کا خواب دیکھنے والے آج بھی ناکام و نامراد ہیں،آپ کو شرم بھی نہیں آتی ۔
اپنے ٹوئٹ میں مریم نواز نے نعرہ لگایا کہ عوام کے منتخب نمائندے زندہ باد۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اٹلی کے مافیا سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ سیسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی ججز کو رشوت، دھمکیاں اور بلیک میلنگ کے حربے استعمال کررہا ہے، یہ حربےبیرون ملک موجود اربوں روپے محفوظ کرنے کیلئے استعمال کئےجارہے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے یہ ٹویٹ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب ملک میں تاجر تنظیمیں ہڑتال کر رہی ہیں اور سابق وزیر اعظم نوازشریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک پر دباؤ میں فیصلہ سنانے کا الزام لگایا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں